بنگلورو۔28جون(ایس او نیوز) فصلوں کی قیمتوں میں زبردست گراوٹ کے سبب بدحال کسانوں کی فوری مدد کرنے کیلئے مرکزی حکومت پر زور دینے کے مقصد سے ریاستی بی جے پی کا ایک وفدنے مرکز سے نمائندگی کی ۔ یہ وفد مرکزی وزیر تجارت نرملا سیتا رامن مرکزی وزیر برائے کیمیکل وکھاد اننت کمار ، مرکزی وزیر قانون سدانند گوڈا ، وزیر مملکت برائے شہری ہوا بازی جی ایم سدیشور وغیرہ سے ملا۔ سابق وزیر اعلیٰ اور ریاستی بی جے پی صدر یڈیورپا نے اس وفد کی قیادت کی ۔ ریاست کے شیموگہ ، داونگیرے ، چکمگلور ، دکشن کنڑا ، اڈپی ، ہاسن، شمالی کنڑا ، چترادرگہ اور ٹمکور سمیت متعدد اضلاع میں سپاری اور ناریل کی فصلوں کو بھاری نقصان اور فصلوں کے بعد کاشت کی قیمتوں میں زبردست گراوٹ کے مسئلے سے مرکز کو آگاہ کراتے ہوئے وفد نے بتایاکہ ان اضلاع کے کسان بہت بڑے خسارے کا شکار ہوچکے ہیں فوری طور پر ان کی فصلوں کیلئے تائیدی قیمتوں کا اعلان کیا جائے۔ سپاری کی قیمتوں میں زبردست گراوٹ کا حوالہ دیتے ہوئے وفد نے بتایاکہ سابقہ حکومت کی برآمدات پالیسی میں نرمی کے سبب سپاری کے کاشتکاروں کو اس مشکل سے دو چار ہونا پڑا ہے۔انہوںنے سپاری کی برآمد پر پابندی لگانے کا مطالبہ کیا،اور بتایا کہ فوری طور پر اگر مرکز نے امدادکی پہل نہیں کی تو سپاری کاشتکاروں کو بھی خود کشی پر مجبور ہونا پڑے گا۔سپاری کی فروخت پر لگنے والے ٹیکس کو معاف کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے وفد نے بتایاکہ برآمد کی جانے والی سپاری پر کسٹمس میں اضافہ کیا جائے۔ ان وزراءنے بی جے پی وفد کی مانگ پر سنجیدگی سے غور کرنے اور اس سلسلے میں وزیر اعظم مودی اور وزیر خزانہ ارون جیٹلی سے بہت جلد بات چیت کرکے صورتحال کو نمٹانے کا یقین دلایا۔